12/21/2017
حیدرآباد میں چانڈیہ گوٹھ یونٹ کے زیر اہتمام منعقدہ مجلس عزاء میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے اصغریہ اسٹوڈنٹس کے مرکزی صدر نے کہا کہ آئمہ اطہارؑ نے امام حسینؑ کی عزاداری منانے پر تاکید کرتے ہوئے ان مراسم کو عوام میں اتحاد و وحدت اور اسلام کی اعلیٰ اقدار کی ترویج کا محور قرار دیا ہے۔
اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قمر عباس جتوئی نے کہا ہے کہ بلاشبہ متعدد پہلوؤں کا حامل عاشورا کا عظیم سانحہ انسانیت کیلئے ایک عظیم سرمایہ ہے، کیونکہ یہ سرمایہ فرزند رسول خدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب باوفا اور اطفال حسینی کی بے مثال شہادتوں کے ذریعے حاصل ہوا ہے۔ سندھ کے شہر حیدرآباد میں چانڈیہ گوٹھ یونٹ کے زیر اہتمام منعقدہ مجلس عزاء میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے قمر عباس جتوئی نے کہا کہ واقعۂ کربلا کسی فرد یا گروہ کے ذاتی مفادات اور حتی قومی مفادات کیلئے بھی وقوع پذیر نہيں ہوا، بلکہ یہ واقعہ اور امام حسین علیہ السلام اور ان کے دلیر ساتھیوں کی شہادت ایک مکتب ہے کہ جس میں تمام انسانیت کیلئے توحید، امامت، امربالمعروف اور نہی عن المنکر، حقیقت طلبی، ظلم کے خلاف جنگ، انسانی کرامت و عزت اور اس جیسے دیگر دروس اور اہداف ہیں کہ جنہیں حاصل کرنا چاہئے، اگر یہ انسان ساز مکتب، نسل در نسل انسانوں میں منتقل ہوتا رہے، تو پوری انسانیت کو اس سے فائدہ پہنچے گا۔