12/22/2017
بھٹ شاہ مٹیاری میں منعقدہ تعلیمی سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر سید عطااللہ شاہ نے کہا کہ دنیا میں ہر چیز منصوبہ بندی سے کی جاتی ہے، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ایسے ادارے بہت کم ہیں، جو کیرئیر پلاننگ پر کام کریں۔
اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن حیدرآباد ڈویژن کے زیر اہتمام کیرئیر پلاننگ کی آگاہی کیلئے اندرون سندھ کے علاقے بھٹ شاہ مٹیاری میں تعلیمی سیمنار کا انعقاد کیا گیا، جس سے اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر سید عطااللہ شاہ، مرکزی تعلیم و تربیت سیکریٹری ساجد علی چانڈیو اور ڈویژنل صدر حیدرآباد حسن علی ساجدی نے خطاب کئے۔ سیمینار میں مٹیاری ڈسٹرکٹ کے دیہات سے طلباء نے شرکت کی۔ کیرئیر پلاننگ پر لیکچر دیتے ہوئے سید عطا اللہ شاہ نے کہا کہ دنیا میں ہر چیز منصوبہ بندی سے کی جاتی ہے، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ایسے ادارے بہت کم ہیں، جو کیرئیر پلاننگ پر کام کریں، یہ بات حقیقت ہے کہ ملک کے مستقبل کے ستارے طالب علم ہوتے ہیں، جن کو ترقی میں کردار ادا کرنا ہوتا ہے، اگر ہم آج ان پہ توجہ نہیں دینگے تو یہ علم بچوں کو بہترین مستقبل نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بچے یہ تو شوق سے کہہ دیتے ہیں کہ ان کو ڈاکٹر انجنئیر بننا ہے، مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کو سمجھایا جائے کہ ڈاکٹری کے اندر بھی بہت سے شعبہ جات ہیں، جس سے متعلق وسیع علم موجود ہے، اس طرح سے بچے اپنا ذہن اس انداز کا بنا کر اپنی تعلیم پہ توجہ دے سکتے ہیں۔ اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر عطاء اللہ شاہ نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ سرکاری اسکولوں اور کالجز میں ایسے موضوعات پر لیکچرز منعقد کروائے جائیں اور ہر اسکول میں کم از کم ایک استاد کو کیرئیر پلاننگ پر عبور حاصل کرنا چاہیئے، تاکہ وہ بچوں کو دوران تعلیم رہنمائی فراہم کر سکیں۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی تعلیم و تربیت سیکریٹری ساجد علی چانڈیو نے کہا کہ تنظیم کی جانب سے تمام ڈویژنز میں اس طرح کے کیرئیر گائیڈنس سیمینارز منعقد کئے جا رہے ہیں، جس سے طالب علموں کو رہنمائی حاصل ہوگی اور وہ اپنا مستقبل بنا سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تعلیمی پروگرام نوجوانوں کے اندر ایک جوش اور جذبہ پیدا کرتا ہے، امید ہے کہ وہ تعلیمی میدان میں محنت اور لگن سے آگے بڑھیں گے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں بہترین کردار ادا کریں گے۔