اصغریہ اسٹوڈنٹس کے مرکزی صدر قمر عباس کی وفد کے ہمراہ آئی ایس او کے مرکزی کنونشن میں شرکت اور خطاب


12/21/2017

مہدویت امید بشریت کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے قمر عباس نے کہا کہ اپنے خطاب میں کہا کہ مظلومین جہاں ایک مسیحا کی تلاش میں ہیں، ایسے میں فقط ایک ہی امید امام زمان (عج) ہیں، اے ایس او اور آئی ایس او کے درمیاں ہمیشہ بہترین رابطہ رہا ہے اور دعاگو ہیں کہ مستقبل میں بھی یہ محبتیں اور روابط قائم و دائم رہیں گے۔

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے 46 ویں مرکزی کنونشن "مہدویت امیدِ بشریت" میں اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر قمر عباس غدیری نے وفد کے ہمراہ شرکت کی اور کنونشن کی نشست مہدویت امید بشریت کانفرنس میں خطاب بھی کیا۔ قمر عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ مظلومین جہاں ایک مسیحا کی تلاش میں ہیں، ایسے میں فقط ایک ہی امید امام زمان (عج) ہیں، برما کے مسلمان ہوں یا پاکستان میں پاراچنار کے مظلومین، دنیا بھر کے مظلومین امام زمانہ (عج) کے منتظرین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امام زمانہ (عج) کا انتظار کرنے والے معاشرے کو کوشش کرنی چاہئے کہ منجی عالم بشریت کے ظہور کیلئے تمام لازمی راستوں کو ہموار کریں، امام مہدیؑ کا انتظار حرکت، جوش و جذبہ و ارتقاء کا بہترین سبب ہے۔ قمر عباس نے کہا کہ مہدوی نظریہ معاشرے کے افراد میں پیدا ہوتا ہے اور اس انتظار کی برکت سے منتظرین فساد اور برائیوں کے دلدل میں نہیں پھنستے، بلکہ اپنے دینی و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے ایس او اور آئی ایس او کے درمیاں ہمیشہ بہترین رابطہ رہا ہے اور دعاگو ہیں کہ مستقبل میں بھی یہ محبتیں اور روابط قائم و دائم رہیں گے۔ آئی ایس او کے مرکزی کنوینشن میں شرکت کے دوران اے ایس او کے مرکزی صدر قمر عباس نے مختلف علمائے کرام اور شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں، جبکہ بانی آئی ایس او شہید ڈاکٹر محمد علی نقویؒ کے مزار پر حاضری دی اور سلامی پیش کی، اس موقع پر ان کے ہمراہ اے ایس او کے سینئر رہنماء شکیل حسینی بھی شریک تھے۔